بلوچی اکیڈمی کی کابینہ کا ہنگامی جنرل باڈی منعقد کرنے کا اعلان
اکیڈمی کے سالانہ گرانٹ کی کٹوتی کے ردعمل میں28اکتوبر بروز اتوار کولائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا
کوئٹہ (پ ر) بلوچی اکیڈمی کی کابینہ کے اجلاس میں بلوچستان حکومت کی جانب سے سالانہ گرانٹ کی کٹوتی کے خلاف جنرل باڈی کا ایک ہنگامی اجلاس 28اکتوبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس میںاکیڈمی کے سالانہ گرانٹ میں کٹوتی اور ان پیسوں کو ایک ڈمی اور کاغذی تنظیم کو دینےکی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ ممبران کی طرف سے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بلوچی اکیڈمی کی مرضی اور اطلاع کے بغیر اس کے گرانٹ کی کٹوتی بلوچی زبان کی دشمنی کے مترادف ہے۔ بلوچستان کی موجودہ حکومت اپنے من پسند افراد کو نوازنے کے لیے جتنی رقم کسی کو بھی دے اس پر اکیڈمی کو نہ پہلے اعتراض ہوا ہے اور نہ ہی اب ہوگا لیکن بلوچی اکیڈمی کے گرانٹ سے کسی دوسری ڈمی تنظیم کو نوازنا سراسر زیادتی اور غیر قانونی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے اس غیر قانونی فیصلے کو واپس لیا جائے۔ اکیڈمی کی فنڈز کی کٹوتی کے خلاف جنرل باڈی کا ہنگامی اجلاس اتوار 28اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے جس میںآئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔